پریڈ گراونڈ پر آج ٹی آر ایس کا جلسہ ‘ لاکھوں افراد کی شرکت متوقع

حیدرآباد 26 اپریل ( سیاست نیوز / این ایس ایس ) تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور اقتدار ملنے کے بعد تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے کل 27 اپریل کو پہلی مرتبہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں کل پیر کو سہ پہر سکندرآباد پریڈ گراونڈپر ایک زبردست جلسہ عام منعقد کیا جا رہا ہے ۔ پارٹی کی جانب سے اس جلسہ کے کامیاب انعقاد کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں جنہیں قطعیت دیدی گئی ہے ۔ کئی وزرا اور متعلقہ قائدین نے انتظامات کی نگرانی کی اور جائزہ لیا ۔ کہا گیا ہے کہ پارٹی کے پہلے پلینری کے کامیاب انعقاد کے بعد پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ امکان ہے کہ جلسہ عام کے ذریعہ ریاست کے عوام کو اپنی حکومت کی ترجیحات اور فلاحی اقدامات وغیرہ سے واقف کروائیں گے ۔ جلسہ عام پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر 27 اپریل کو منعقد ہو رہا ہے ۔ یہ جلسہ شام 4 تا 6 بجے منعقد ہوگا ۔ ایک جانب امکان ہے کہ چیف منسٹر پارٹی قائدین اور عوام کو راغب کرنے کی کوشش کرینگے وہیں وہ اپوزیشن قائدین کی تنقیدوں کا بھی منہ توڑ جواب دینا چاہیں گے ۔ چیف منسٹر امکان ہے کہ سابقہ حکومتوں کی کارکردگی اور اپنی حکومت کے اقدامات کا تقابلی جائزہ عوام میں پیش کرینگے ۔ وہ اپنی دس ماہ پرانی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی کئی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کی تفصیلات بتائیں گے ۔ امکان ہے کہ چندر شیکھر راؤ اپنی پارٹی کے قیام ‘ ایک طویل جدوجہد اور تمام حالات کا بھی کل کی تقریر میں تذکرہ کرینگے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلسہ میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کریگی ۔ ساتھ ہی چیف منسٹر ریاست کے عوام سے تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے عوام سے مکمل تائید کی اپیل بھی کرینگے ۔ امکان ہے کہ ان کی تقریر میں جلد اعلان کی جانے والی صنعتی پالیسی ‘ بیؤاوں و معمرین اور جسمانی معذورین و بیڑی ورکرس کیلئے پنشن میں اضافہ ‘ 6 روپئے فی کیلو چاول کی اسکیم ‘ کلیان لکشمی اسکیم ‘ شادی مبارک اسکیم ‘ دلتوں و دوسروں کو تین ایکر اراضیات کی فراہمی جیسے اقدامات و اسکیمات کا تذکرہ کرینگے ۔ امکان ہے کہ وہ واٹر گرڈ اور مشن کاکتیہ جیسے بڑے پراجیکٹس کے تعلق سے بھی عوام کو واقف کروائیں گے ۔ وہ ہریتا ہرم اور حیدرآبادی کی ترقی کے منصوبے کا بھی تفصیلی اعلان کرسکتے ہیں۔ باخبر ذرائع کے بموجب چیف منسٹر عوام میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرینگے اور یہ اعادہ کرینگے وہ عوام سے کئے گئے ہر وعدے کی تکمیل کرینگے ۔ جلسہ کے انتظامات کا ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے بھی آج ِ جائزہ لیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ان انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر ضلع سے کثیر تعدا د میں عوام کو شہر لانے نچلی سطح تا ضلع سطح پر پارٹی قائدین و کارکن کو ہدایات دی گئی ہیں ۔ منڈل سطح سے گاڑیوں کے ذریعہ عوام کو جلسہ میں لانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ پارٹی کے سینئر قائدین کے مطابق کچھ قائدین ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ عوام کو اپنے مقامات سے لانے کوشاں ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ پارٹی کے ہر سطحی قائدین نے مسابقت کے جذبہ سے نہ صرف اپنے آبائی مقامات پر بلکہ حیدرآباد کو بھی گلابی بنا دیا ہے ۔ بڑے قد آور بیانرس ‘ فلیکسی اور گلابی رنگ کی جھنڈیوں اور پرچموں کے ذریعہ حیدرآباد و سکندرآباد کو گلابی رنگ میں تبدیل کرد یا گیا ہے ۔ پارٹی قائدین نے بتایا کہ ایک انداز کے مطابق جلسہ عام میں 8 تا 10 لاکھ عوام کی شرکت متوقع ہے ۔ ہر سطح کے قائدین عوام کو لانے سرگرم ہوگئے ہیں۔