پریڈ گراؤنڈ پر ناقص انتظامات کیخلاف صحیفہ نگاروں کا احتجاج

حیدرآباد۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) یوم جمہوریہ کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر صحیفہ نگاروں کو آج عجیب و غریب صورتحال سے دوچار ہونا پڑا۔ صحیفہ نگاروں کیلئے ہمیشہ مختص کئے جانے والے بلاک کو مختصر کردیا گیا اور نصف حصہ کو گورنر بلاک میں شامل کرتے ہوئے صحیفہ نگاروں کیلئے انتہائی ناقص انتظامات کئے گئے۔ تقریب کا کوریج کرنے کیلئے پہونچنے والے تمام صحیفہ نگاروں نے عہدیداران متعلقہ کے طرز عمل پر سخت برہمی کا اظہار کیا بلکہ گورنر تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن کی تقریر کے دوران تمام صحیفہ نگاروں نے اپنی نشستوں سے اُٹھ کھڑے ہوکر گورنر کی تقریر کے اختتام تک خاموش احتجاج کیا۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد مہیندر ریڈی، کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نوین متل، ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی سومتی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے صحیفہ نگاروں کو سمجھانے کی ممکنہ کوشش کی لیکن تمام صحیفہ نگاروں نے اپنی نشستوں سے اُٹھ کھڑے ہوکر احتجاج کو جاری رکھا۔ صحیفہ نگاروں کیلئے آج پریڈ گراؤنڈ پر کئے گئے انتہائی ناقص انتظامات کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔