پریڈ گراؤنڈ پر آندھرا پردیش کی یوم تاسیس کی طرز پر تلنگانہ تاسیس کا انعقاد

پرچم ، پوسٹرس و بیانرس سے سجاوٹ ، سخت ترین انتظامات ، پولیس دستوں کی سلامی ، عوام کیلئے تمنائیں ، کے چندر شیکھر راؤ کا خطاب
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز )یوم تاسیس تلنگانہ کی تقریب جس وقت پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر جاری تھی سارا علاقہ ٹی آر ایس کے پرچم اور پوسٹرس و بیانرس کے سبب گلابی رنگ میں رنگ چکا تھا۔ پریڈ گراونڈ جہاں ہر سال یکم نومبر یوم تاسیس آندھرا پردیش کی تقاریب منائی جاتی رہی اسی گراونڈ پر آج تلنگانہ کا پہلا یوم تاسیس اسی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ پریڈ گراونڈ کے اطراف چندر شیکھر راو اور دیگر ٹی آر ایس قائدین کے قد آور کٹ آوٹس اور فلیکسی لگائے گئے تھے۔

یوم تاسیس تقریب کے موقع پر پولیس نے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے تھے جس کی راست نگرانی ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما اور انٹلی جنس چیف مہیدر ریڈی کے علاوہ کمشنر سٹی پولیس مہیندر ریڈی کررہے تھے۔ تقریبا 10.30 بجے سے ہی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما کے پریڈ گراونڈ پہنچنے پر پولیس کے دستوں نے سلامی دی ۔ چندر شیکھر راو کی آمد سے قبل نئے کابینی وزراء اور اہم قائدین پریڈ گراونڈ پہنچ چکے تھے ۔ کے سی آر ٹھیک 11 بجے پریڈ گراونڈ پہنچے اور ان کی گاڑی میں ٹی آر ایس قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راو موجود تھے۔ پولیس کے گھوڑ سوار دستوں نے شاہانہ انداز میں ان کی گاڑی کو اپنے گھیرے میں لیکر پریڈ گراونڈ کے باب الداخلہ تک پہنچایا ۔ کے سی آر نے سب سے پہلے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ کی دُھن بجائی گئی ۔ گراونڈ کے اطراف و اکناف سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس اور تلنگانہ کے حامی جمع تھے جو وقفہ وقفہ سے جئے تلنگانہ کے نعرے لگا رہے تھے۔ کے سی آر کی تصاویر اور اُن کے حق میں نعروں کے ساتھ بڑے غبارے ہوا میں موجود تھے ۔ چندر شیکھر راو نے خصوصی جیپ میں سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا اور پھر پریڈ کی سلامی لی۔

پریڈ کے معائنہ کے دوران عوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا جس کے جواب میں کے سی آر نے وکٹری (V) کا نشانہ بتایا ۔ پریڈ کی قیادت پریڈ کمانڈر این پرکاش ریڈی آئی پی ایس کررہے تھے۔ کے سی آر نے اپنی تقریر کے آغاز میں تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش کی ریاست کے عوام کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ سلامی منچ کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جس پر چیف منسٹر کے علاوہ چیف سکریٹری راجیو شرما اور ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما موجود تھے۔ وی آئی پی گیلری میں نئے وزراء ہریش راو ، تارک راما راؤ، محمود علی ، این نرسمہا ریڈی، ای راجندر ، پوچارم سرینواس ریڈی، ہریش راو اور پدما راو کے علاوہ کے سی آر کی دختر کویتا رکن پارلیمنٹ نظام آباد موجود تھیں۔ پولیس کے اعلی عہدیداروں کا کے سی آر سے تعارف کرایا گیا اور مختصر خطاب کے بعد چندر شیکھر راو12 بجے پریڈ گراونڈ سے روانہ ہوگئے۔