پرینکا گاندھی کا دورۂ کشمیر ، مندر میں پوجا

سری نگر 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی نے آج پورے انکسار کے ساتھ وادیٔ کشمیر کا دورہ کیا اور اِس موقع پر ضلع گندر بل کے کھیر بھوانی مندر میں پوجا کی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی دختر کل علی الصبح پرواز سے وادیٔ کشمیر پہونچی تھیں اور وہاں سے راست شمالی کشمیر کے ضلع گندربل کے علاقہ تلمیلا میں ماتا کھیر بھوانی مندر روانہ ہوگئی تھیں۔ پرینکا گاندھی نے مندر میں تقریباً 2 گھنٹے قیام کیا اور پوجا کی۔ یہ مندر کشمیری پنڈتوں کے لئے انتہائی مقدس مقام ہے۔ بعدازاں پرینکا گاندھی نے سوامی لکشمنجو آشرم کا دورہ کیا جو ڈل جھیل کے کنارے نشاط باغ کے علاقہ میں واقع ہے۔ اُنھوں نے ایرپورٹ اور دہلی واپسی سے قبل یہاں پر دو گھنٹے قیام کیا۔ حالانکہ کافی صیانتی انتظامات کئے گئے تھے لیکن بہت کم عہدیداروں کو دورہ کرنے والی اہم شخصیت کے بارے میں تفصیلات کا علم تھا۔ پرینکا گاندھی کا آج کا دورہ گزشتہ سال وادیٔ کشمیر کے دورے کے مماثل تھا۔