نئی دہلی 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد پرینکا گاندھی نے دہلی میں مسلسل اپنے روڈ شوز منعقد کئے۔ دہلی کے شہریوں کا خیال ہے کہ اُن کا چہرہ اور انداز اُنھیں مقبول عام اُن کی دادی اندرا گاندھی جیسا ہے۔ جنوبی دہلی کے مدنگیر علاقہ کی ساکن ارمیلا اور مُنّی نے جو روڈ ڈیوائیڈر پر کھڑی پرینکا گاندھی کی جانب ہاتھ ہلارہی تھیں، جبکہ اِس مصروف سڑک سے کانگریس قائد کا کاروان گزر رہا تھا، کہاکہ وہ ہمیں اندرا گاندھی کی یاد دلاتی ہیں۔ وہ بالکل اُن جیسی ہیں۔ خاص طور پر اُن کا بال سنوارنے کا انداز اندرا جی جیسا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھوں نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو جلوسوں کے دوران دیکھا ہے اور اُن کا احساس ہے کہ پرینکا گاندھی کانگریس کے لئے ایک کارنامہ انجام دے رہی ہیں اور پارٹی میں نئی جان ڈالیں گی۔ جنوبی دہلی میں چہارشنبہ کی رات پرینکا گاندھی نے اپنا روڈ شو منعقد کیا جو اُن کی پارٹی کے جنوبی دہلی امیدوار وجیندر سنگھ کی تائید میں تھا۔ جس کا آغاز 7 بجے شام ہوا اور اختتام 8 بجے شب ہوا۔
جبکہ نہرولی بدرپور سڑک پر 3 کیلو میٹر تک عوام کا ہجوم تھا۔ کانگریس حامی پارٹی کے رنگوں والے لباس میں ملبوس تھے۔ پارٹی پرچم لہرا رہے تھے اور نعرہ بازی کررہے تھے۔ جبکہ اولمپک باکسر وجیندر سنگھ اور دیگر اُن کی جانب ہاتھ لہرا رہے تھے۔ کانگریس کے حامیوں میں عمر کے ہر زمرہ کے افراد شامل تھے۔ سابق کانگریس کونسلر دہلی 54 سالہ اوم واٹی نے کہاکہ پرینکا گاندھی اُنھیں اندرا جی کی یاد دلارہی ہیں۔ سابق کونسلر نے کہاکہ اُنھوں نے اندرا گاندھی کو کئی بار دیکھا ہے۔ پرینکا گاندھی اپنی دادی کی طرح ہی ہاتھ لہراتی ہیں اور اُن کا انداز عوام سے بات کرنے کا طریقہ اپنی دادی جیسا ہے۔ اُن کا سیاست میں داخلہ کانگریس کو نئی توانائی دے گا اور کانگریس اِس بار کامیاب رہے گی۔ پرینکا گاندھی میرون رنگ کی ساڑی میں ملبوس تھی اور ایس یو وی گاڑی میں اولمپک کھلاڑی سنگھ کے ساتھ جنوبی دہلی کی سڑکوں سے گزر رہی تھیں۔ ویراٹ سنیما کے قریب وہ کچھ دیر رُکی رہیں۔ پوری گزرگاہ پر اُن کے حامی سیلفی لے رہے تھے اور اُنھوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا جو اپنے گھروں کی بالکونیوں پر اُن کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے کھڑے ہوئے تھے۔ سڑکوں پر مختلف مذاہب کے پیرو اور مختلف عمر کے زمروں کے افراد کانگریس کی تائید کررہے تھے اور اپنے موبائیل فونس پر جلوس کی فلم بنارہے تھے۔