پرینکا کے حسن پر ونئے کٹیار کے تبصرہ سے نیا تنازعہ

بی جے پی قائدین کی ذہنیت بے نقاب، کانگریس کا معذرت خواہی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر ونئے کٹیار نے آج یہ کہتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا کہ ان کی پارٹی میں انتخابی مہم چلانے کیلئے پرینکا گاندھی سے کہیں زیادہ خوبصورت خواتین ہیں۔ ان کے  اس ریمارکس پر پرینکا نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ جنس پرستی پر مبنی ریمارکس نے خواتین کے تئیں زعفرانی جماعت کے قائدین کی ذہنیت کو بے نقاب کردیا ہے۔ کانگریس نے بھی کٹیار کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی خواتین کی توہین پر معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے کہا کہ کٹیار کے تبصرے دراصل بی جے پی کے توہین آمیز کلچر کی عکاسی کرتے ہیں جو عورت کو کسی شئے سے تعبیر کرتا ہے۔ کانگریس نے اپنی حریف جماعت بی جے پی پر ہندوستانی خواتین کی توہین کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو ان ریمارکس پر معذرت خواہی کرنا چاہئے۔ پرینکا کے شوہر رابرٹ وڈرا نے بی جے پی لیڈر کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کٹیار کو چاہئے کہ وہ اپنے ناشائستہ اور توہین آمیز تبصروں پر معذرت خواہی کریں۔ پرینکا گاندھی اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ایس پی اور کانگریس کے مابین مفاہمت کیلئے کلیدی رول ادا کی تھیں۔ انہیں کانگریس نے اپنی مہم چلانے کی کلیدی ذمہ داری دی ہے۔ یو پی میں کانگریس کی مہم چلانے کیلئے پرینکا کی نامزدگی کے بارے میں ایک سوال پر کٹیار نے جواب دیا تھا کہ ’’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ایسی کئی خواتین اور لڑکیاں ہیں جو پرینکا گاندھی سے زیادہ خوبصورت ہیں اور مہم میں کلیدی حصہ ادا کررہی ہیں۔ کٹیار نے کہا تھا کہ ’’چند اداکار ہیں اور چند ہیروئینس ہیں وہ ان (پرینکا) سے زیادہ خوبصورت ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ سمرتی ایرانی بھی خوبصورت ہیں اور مہم چلارہی ہیں‘‘۔ کٹیار کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ’’بی جے پی اگر میری ساتھیوں (دیگر خواتین) میں یہ بات دیکھتی ہے جو سب طاقتور، بہادر اور خوبصورت ہیں جو جہاں ہیں اس مقام تک پہنچنے کیلئے کئی تکالیف اور دشواریوں کا مقابلہ کی ہیں تو اس پر مجھے اور بھی زیادہ ہنسی آتی ہے کیونکہ انہوں (کٹیار) نے ہندوستانی آبادی کے دوسرے نصف (خواتین) کے بارے میں بی جے پی کی ذہنیت کو بے نقاب کردیا ہے۔ کٹیار نے مختلف گوشوں سے اپنے ریمارکس پر کی جانے و الی تنقیدوں کے درمیان یہ وضاحت کی کہ ’’میں خواتین کا بے حد احترام کرتا ہوں۔ میں نے کچھ غلط نہیں کہا ہے۔ میں صرف اخباری نمائندوں کے سوال کا جواب دے رہا تھا۔ پرینکا میری بھتیجی جیسی ہیں‘‘۔