نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر پرینکا گاندھی وڈرا کی جانب سے سارے ملک میں انتخابی مہم چلانے کی قیاس آرائیوں کو بالآخر آج ختم کرتے ہوئے کہا کہ پرینکا صرف رائے بریلی اور امیٹھی لوک سبھا حلقوں میں کانگریس کی مہم چلائیں گی۔ کانگریس کے ذرائع نے کہاکہ صدر پارٹی سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے ملک گیر دوروں کو پرینکا گاندھی ترتیب دیں گی ۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اور کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیرمین اجئے ماکن نے مختلف سوالات پر جواب دیا کہ ’’وہ ( پرینکا) صرف رائے بریلی اور امیٹھی میں مہم چلائیں گی ‘‘۔ پرینکا گاندھی کی گزشتہ ہفتے اپنے بھائی راہول کی رہائش گاہ پر منعقدہ سرکردہ کانگریس قائدین کے اجلاس میں اچانک آمد کے بعد سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل مچ گئی تھی اور یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ آیا لوک سبھا انتخابات سے قبل انھیں کوئی بھاری ذمہ داری دی جائے گی۔ سونیا گاندھی کے پولیٹکل سکریٹری احمد پٹیل ، مرکزی وزیر جئے رام رمیش ، اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹریز مدھو سدن مستری ، جناردھن دیویدی ، اجئے ماکن اور کانگریس کے نظریہ ساز موہن گوپال نے اس اجلاس میں شرکت کی تھی ۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پارٹی نے پرینکا کے کانگریس سیاست میں امیٹھی اور رائے بریلی سے آگے رول کی توثیق کی ہے ۔ اجئے ماکن نے کہا کہ وہ صدر اور نائب صدر پارٹی کے ملک بھر میں دوروں کے پروگرام ترتیب دینے میں اپنا رول ادا کریں گی ، جو وہ پہلے بھی کرتی آئی ہیں۔ ایسی قیاس آرائی ہورہی تھی کہ آیا پرینکا انتخابات میں کانگریس کے مظاہرہ کو مضبوط کرنے کے لئے کوئی سرگرم سیاسی رول نبھائیں گی ، بالخصوص حالیہ شکست فاش کے پس منظر میں جو پارٹی کو اسمبلی چناؤ میں ہوئی ہے ۔ تاہم کانگریس نے شروع سے ہی اس مسئلے کی اہمیت کو گھٹاکر پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور یہی کہا کہ وہ کانگریس میں ابتداء سے سرگرم ہیںاور سیاسی حلقوں میں تعجب و حیرت کا سوال اٹھایا جو سینئر قائدین کے ساتھ اُن کی ملاقات پر ظاہر کیا گیا۔ حالیہ مہینوں میں یہ سوال اُٹھا کہ آیا پرینکا جو ابھی تک اپنی سیاست کو اپنی والدہ کے لئے رائے بریلی میں مہم چلانے تک محدود رکھتی آئی ہیں ، پوری طرح سے سیاست میں کود پڑیں گی ۔ اے آئی سی سی بریفنگ میں پارٹی ترجمان راج ببر نے کہاکہ جب صدرنشین شعبۂ ترسیل نے بیان دیدیا ہے تو یہ معاملہ ختم ہوجاتا ہے ۔