پرینکا کی سینئر کانگریس قائدین سے ملاقات پر سیاسی ہلچل

راہول گاندھی کی قیامگاہ پر میٹنگ کا انعقاد ۔اہمیت کو گھٹانے کانگریس کی کوشش
نئی دہلی ۔ 7 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی نے آج سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی، جب انہوں نے اپنے بھائی راہول کی قیامگاہ پر اعلیٰ کانگریس قائدین کی میٹنگ میں شرکت کی ، جس کے ساتھ ایسی قیاس آرائی شروع ہوگئی کہ آیا وہ لوک سبھا انتخابات سے قبل کوئی بڑے رول کی ذمہ داری قبول کرنے والی ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے پولیٹیکل سکریٹری احمد پٹیل، مرکزی وزیر جئے رام رمیش ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز مدھو سدن مستری، جناردھن دویویدی، اجئے ماکن اور پارٹی کے نظریہ ساز موہن گوپال اس میٹنگ میں موجود تھے، ذرائع نے یہ بات کہی۔ اس بارے میں کچھ واضح نہیں ہوا کہ آیا راہول بھی اس اجلاس میں موجود تھے یا نہیں۔

پارٹی ذرائع ایسی اطلاعات کے بارے میں باضابطہ لب کشائی کیلئے تیار نہیں کہ وہ موجود تھے یا نہیں۔ پرینکا کی اس میٹنگ میں شرکت کے ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں کہ شائد پرینکا جو آئندہ ہفتہ 42 ویں سالگرہ منائیں گی، کوئی سرگرم سیاسی رول کی ذمہ داری لیں گی تاکہ لوک سبھا میں کانگریس کا مظاہرہ اچھا ہوجائے، بالخصوص اس پس منظر میں کہ حالیہ اسمبلی چناؤ میں پارٹی کو بری طرح شکست ہوئی ہے۔

تاہم کانگریس نے اس میٹنگ میں پرینکا کی موجودگی کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کی سیاست میں پہلے سے ہی سرگرم ہیں اور سینئر قائدین سے ان کی ملاقات پر سیاسی حلقوں میں ہونے والی حیرت پر سوال اٹھایا۔ حالیہ مہینوں میں ایسی قیاس آرائی زور پکڑتی رہی ہے کہ آیا پرینکا جنہوں نے ابھی تک اپنی سیاست کو رائے بریلی میں اپنی والدہ سونیا گاندھی کیلئے مہم چلانے تک محدود رکھا ہے، وہ بھرپور انداز میں سیاست میں داخل ہوجائیں گی۔ راہول سے زائد از دو سال کم عمر پرینکا جن کا اپنا کرشماتی امیج ہے، رائے بریلی کو فروغ دینے میں ان کا رول رہا ہے اور وہ انتخابات کے دوران بھائی کیلئے مہم چلانے امیٹھی کا دورہ بھی کرتی رہی ہیں۔ ایک سینئر لیڈر نے اس قیاس آرائیکو بالکلیہ مسترد کردیا کہ پرینکا کو پارٹی کی وزارت عظمیٰ امیدوار اور راہول کو پارٹی سربراہ بنایا جاسکتا ہے۔