ملک میں کانگریس کا اقتداریقینی، محمد علی شبیر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل میں کانگریس کے فلور لیڈر محمد علی شبیر نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے عہدہ پر پرینکا گاندھی کے تقرر کو کانگریس اور ملک کیلئے خوش خبری سے تعبیر کیا۔ محمد علی شبیر جو ہائی کمان کے قائدین سے ملاقات کیلئے نئی دہلی میں ہے ، تقرر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت جبکہ ملک میں فرقہ پرست طاقتیں بی جے پی کی قیادت میں سر ابھارنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ کانگریس کے صدر نے پرینکا گاندھی کو اترپردیش کی ذمہ داری دیتے ہوئے حوصلہ کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس فیصلہ سے ملک بھر میں پارٹی قائدین اور کارکنوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ پرینکا گاندھی کے تقرر کا بروقت فیصلہ کیا گیا اور لوک سبھا انتخابات میں اس فیصلہ کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے ۔ مرکز میں کانگریس زیر قیادت حکومت کو یقینی قرار دیتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ عوام راہول گاندھی کو ملک کا آئندہ وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں ۔ راہول اور پرینکا کی جوڑی کانگریس پارٹی کو اقتدار سے ہمکنار کرے گی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ راہول گاندھی جو ملک بھر میں سیکولر طاقتوں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں ملک بھر میں انتخابی مہم چلانے کا بھرپور موقع مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی اترپردیش میں کانگریس کا دوبارہ احیاء کرنے اور زائد نشستوں پر کامیابی دلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا میں آنجہانی اندرا گاندھی کی جھلک دکھائی دیتی ہے اور انہوں نے امیتھی اور رائے بریلی میں اپنی ماں اور بھائی کیلئے کامیاب انتخابی مہم چلائی تھی ۔ غریبوں کے مسائل سے پرینکا کو گہری دلچسپی ہے اور نہ صرف اترپردیش بلکہ ملک بھر میں کانگریس کی کامیابی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔