پارٹی قائدین سے پرینکا کی ملاقات کوئی نئی بات نہیں، ترجمان کی وضاحت
نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی اپنے مستقبل کے رول کا فیصلہ خود کریں گی، کانگریس نے آج یہ بات کہی اور ایسے تاثرات کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی میں کوئی بڑا رول ادا کرنے کی تیاری کرچکی ہیں۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا، ’’میرے خیال سے اس مسئلہ پر کئی مرتبہ جواب دیا جاچکا ہے۔ راہول گاندھی کی قیامگاہ پر سینئر قائدین کی میٹنگ چل رہی تھی۔ میٹنگ کے اختتامی مراحل میں ایک وہم جو اکثر اپنے بھائی سے اس کی قیامگاہ پر ملاقات کیلئے آتی ہے، وہ بھی خیرسگالی کے طور پر پارٹی قائدین سے ملتی ہے۔ اس کا اور کچھ مطلب نہیں نکالا جانا چاہئے‘‘۔ ’’اگر وہ اپنے بھائی کی قیامگاہ کو آتی ہے اور وہاں اس وقت کوئی میٹنگ چل رہی تھی اور وہ ان قائدین سے بس خیرسگالی طور پر ملاقات کرتی ہیں تو یہ کوئی تنازعہ کا معاملہ نہیں ہوسکتا،
‘‘ پارٹی ترجمان نے یہ بات اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں پرینکا کی کل سرکردہ پارٹی قائدین سے ملاقات کے تعلق سے سوالات کے جواب میںکہی۔ پرینکا کی پارٹی قائدین سے ملاقات میں کل سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی تھی۔ تاہم پارٹی ترجمان نے کہا کہ اس معاملہ میں سیاست کو داخل نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا بلاشبہ گاندھی ۔ نہرو خاندان کی ’’اہم رکن‘‘ ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا پرینکا اے آئی سی سی کی یہاں 17 جنوری کو منعقد شدنی میٹنگ میں شرکت کریں گی، پارٹی ترجمان نے ریمارک کیا کہ یہ سوال فی الحال مفروضہ پر مبنی ہے۔ اس میٹنگ تک انتظار کیجئے۔ پارٹی ترجمان کے ریمارکس ایسے روز سامنے آئے جب پرینکا نے اپنی والدہ سونیا گاندھی سے ان کی سرکاری قیامگاہ 10 ، جن پتھ پر ملاقات کی۔ وہ دونوں بعد میں علحدہ طور پر راہول کی قیامگاہ گئے۔ تاہم پارٹی ترجمان نے ان تبدیلیوں کے تعلق سے سوالات پر لاعلمی ظاہر کی۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ پرینکا نے ہمیشہ ہی اپنا رول طئے کیا ہے
اور ’’ہمیں اس معاملہ کو اسی طرح چھوڑ دینا چاہئے‘‘۔ ’’ہمیں پرینکا گاندھی کو اس کا فیصلہ کرنے دینا چاہئے۔ ابھی تک وہ صرف دو حلقوں میں دلچسپی لیتی آئی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ نہایت واضح انداز میں کہا ہیکہ وہ اپنا رول دو حلقوں تک محدود رکھیں گی۔ وہ سینئر قائدین کی میٹنگ میں بس بطور خیرسگالی شریک ہوئیں تاکہ صدر کانگریس اور نائب صدر کے حلقوں ترتیب وار رائے بریلی اور امیتھی میں ان کے ٹور پروگراموں کو ترتیب دیا جاسکے‘‘۔ ایک اور سینئر پارٹی عہدیدار نے کہا کہ پرینکا کی پارٹی قائدین سے ملاقات کوئی نئی بات نہیں کیونکہ وہ وقفہ وقفہ سے رابطہ میں رہتی ہیں اور بعض اوقات اترپردیش میں رائے بریلی اور امیتھی سے ہٹ کر علاقوں کے تعلق سے جانکاری حاصل کرنے میں دلچسپی لیتی ہیں۔