حیدرآباد ۔ /21 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد پریس کلب سوماجی گوڑہ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب پریس کانفرنس کے دوران بعض نوجوانوں نے ایس سی ، ایس ٹی کے ایک لیڈر کے سری سیلم پر اچانک حملہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق سری سیلم نے تلنگانہ سوشیل ویلفیر اقامتی اسکولس کے سربراہ و سینئر آئی پی ایس عہدیدار ڈاکٹر آر ایس پروین کمار پر بدعنوانیوں کا الزام عائد کیا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر دلت طلباء کے گروپ نے سری سیلم پر پریس کانفرنس کے دوران حملہ کردیا ۔ اس حملہ کے دوران بعض میڈیا نمائندے بھی زخمی ہوگئے اور ان کے کیمرے اور دیگر اشیاء کو نقصان پہونچا ۔ اس حملے کے خلاف سری سیلم نے پنجہ گٹہ پولیس سے شکایت درج کروائی جبکہ عثمانیہ یونیورسٹی کے طالبعلم نے بھی سری سیلم کے خلاف ایک مقدمہ درج کروایا ہے ۔