پریتی ۔ نیس واڈیا معاملہ سی سی ٹی وی کیمروں میں فوٹیج نہیں ملی

ممبئی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم کے گروارے پویلین میں نصب کئے گئے پانچ سی سی ٹی وی کیمروں نے پریتی زینٹا اور اُن کے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا کے درمیان کسی بھی بحث و تکرار یا دست درازی کی کسی حرکت کو قید نہیں کیا ہے جیسا کہ بالی ووڈ اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گروارے پویلین میں نیس واڈیا نے 30مئی کو اُن کے ساتھ دست درازی کی تھی۔ 12 جون کو پریتی زنٹا نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 30 مئی کو کنگس الیون پنجاب اور چینائی سوپر کنگس کے دوران آئی پی ایل کے ایک میچ کے دوران نیس واڈیا نے اُن کے ساتھ مبینہ دست درازی کی تھی جبکہ نیس واڈیا نے پریتی زنٹا کے الزامات کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔

سلمان خان کیس : گواہوں کے بیانات لاپتہ، پولیس کا دعویٰ
ممبئی ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) اداکار سلمان خان سے متعلق ٹکر دے کر فراری کے 2002ء کے کیس میں ایک نئی تبدیلی ہوئی جب استغاثہ نے آج سماعتی عدالت کو مطلع کیا کہ دو عینی شاہدین کے اصل پولیس بیانات ’’لاپتہ‘‘ ہیں، جس کے پیش نظر اس کیس کو 25 جولائی تک ملتوی کردیا گیا۔ ٹرائیل کو آگے نہیں بڑھایا جاسکا حالانکہ دو عینی شاہدین جرح کیلئے تیار تھے جبکہ ان کے بیانات عدالت کے روبرو دستیاب نہیں تھے اور ان کے تعلق سے بتایا گیا کہ وہ ’’لاپتہ‘‘ ہیں۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ان دو گواہوں کے بیانات کا پتہ نہیں چل پا رہا ہے اور ہوسکتا ہے انہیں مقامی باندرہ عدالت میں رکھا گیا جہاں قبل ازیں ٹرائیل کا انعقاد ہوا ہے۔ جج دیش پانڈے نے 25 ، 30 اور 31 جولائی کو ٹرائیل کیلئے نئی تواریخ مقرر کئے ہیں۔