ممبئی 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے آج بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا سے کہا کہ وہ جاریہ ہفتے کے ختم تک شخصی طور پر پیش ہوکر بیان قلمبند کروائے ۔ پریتی نے اپنے سابق بوائے فرینڈ نیس واڈیا پر دست درازی کا الزام عائد کیا ہے ۔ تحقیقات سے تعلق رکھنے والے ایک آئی پی ایس عہدیدار نے کہا کہ ہم نے پریتی زنٹا کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ تین دن میںپولیس میں حاضر ہوکر اپنا بیان قلمبند کروائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ پریتی ہندوستان میں نہیں ہے اس لئے ہم نے یہ مکتوب ان کے وکیل کو دیدیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ تحقیقات کے اس مرحلہ پر پریتی زنٹا کا بیان درکار ہے ۔ ان سے کئی سوال پوچھنے کی ضرورت ہے ۔