پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بعد اوشا ٹھاکر نے بھی گوڈسے کی ستائش کی

’مہاتما گاندھی کے قتل کا فیصلہ کرنے کی وجوہات صرف شاید گوڈسے ہی جانتے تھے ‘: بی جے پی رکن اسمبلی
ایک نہ شُد دو شُد

اندور۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بھوپال کی بی جے پی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی طرف سے ناتھو رام گوڈسے کو محب وطن قرار دیتے ہوئے ایک تنازعہ کھڑا کئے جانے کے بعد ان کی ہی پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے بھی مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کو قوم پرست قرار دیا ہے۔ مہوہ کی بی جے پی رکن اسمبلی اوشا ٹھاکر کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں انہیں گوڈسے کی تعریف و ستائش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس ویڈیو میں اوشا ٹھاکر نے کہا کہ ’گوڈسے ایک قوم پرست تھے۔ انہوں نے زندگی بھر ملک کی فکر کی۔ اس وقت حالات کا تقاضہ کیا تھا، ہوگا کہ انہوں (گوڈسے) نے یہ (مہاتما گاندھی کو قتل کرنے کا) فیصلہ کیا، یہ تو وہی جانتے ہوں گے‘‘۔