پرگتی بھون کے روبرو ہلکی کشیدگی ایس ایف آئی کااحتجاج

حیدرآباد۔24۔ اپریل(سیاست نیوز)انٹر میڈیٹ بورڈ کی ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون کے باہر ایس ایف آئی طلبہ تنظیم کی جانب سے احتجاج کیاگیا۔ان احتجاجی طلبہ نے الزام لگایاکہ ریاستی حکومت اس سلگتے ہوئے مسئلہ کے حل میں یکسر ناکام ہوگئی ہے ۔ان طلبہ نے پرگتی بھون کے سامنے ریاستی حکومت کا پتلا نذر آتش کرنے کی کوشش کی اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کے خلاف نعرہ بازی کی۔جب ان احتجاجیوں نے وزیراعلی کے کیمپ آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے ان کوروک دیا اور ان کو گرفتارکرلیا۔اس گرفتاری کے دوران پولیس اور طلبہ کے درمیان دھینگا مشتی دیکھی گئی۔اس دھینگامشتی میں بعض طلبہ زخمی ہوگئے ۔پولیس اور احتجاجی طلبہ کے درمیان بحث وتکرار ہوگئی جس کے نتیجہ میں وہاں ہلکی کشیدگی دیکھی گئی۔