حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی کو چیلنج کیا کہ پرگتی بھون میں 150 کمرے تو دور کی بات ہے اگر وہ 16 کمرے بھی ثابت کردیں تو چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے۔ پلینری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی کو انتباہ دیا کہ ٹی آر ایس قائدین پر شخصی حملے کئے گئے تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون میں 150 کمروں کا اُتم کماریڈی دعویٰ کررہے ہیں جبکہ پرگتی بھون میں 15 سے زائد کمرے نہیں ہیں، 16کمروں کی موجودگی اگر اُتم کمار ریڈی ثابت کریں تو میں چیف منسٹر کی حیثیت سے مستعفی ہوجاؤں گا۔ اگر 16 کمرے نہیں پائے گئے تو اُتم کمار ریڈی پرگتی بھون کے روبرو ناک رگڑ کر معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلابی پرچم کے سبب اُتم کمار ریڈی کوپردیش کانگریس کے صدر کا عہدہ حاصل ہوا ہے۔ تلنگانہ تحریک میں آپ اگر حصہ نہ لیتے تو آج اس عہدہ پر نہ ہوتے۔14 برسوں تک مسلسل جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست حاصل کی گئی۔اُتم کمار ریڈی کو زبان قابو میں رکھ کر بات کرنی چاہیئے۔ زبان ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اُس سے کچھ بھی کہہ دیا جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین نچلی سطح کے الزامات پر اُتر آئے ہیں۔