پرکاش مشرا نے ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف کا جائزہ حاصل کرلیا

نئی دہلی۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)سینئر آئی پی ایس افسر پرکاش مشرا نے نکسلائیٹس کے خلاف مہم میں سرکردہ رول ادا کرنے والی ملک کی سب سے بڑی نیم فوجی فورس سی آر پی ایف کے سربراہ کی حیثیت سے آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ پرکاش مشرا جو اڈیشہ پولیس کے سابق ڈی جی پی ہیں ، 1997ء کے بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی پی ایس افسر ہیں۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتہ ان کے نام کے اعلان کے بعد اس عہدہ پر آج سنٹرل ریزرو پولیس ہیڈکوارٹرس پہنچ کر نئے سربراہ کی حیثیت سے جائزہ لیا۔ مسٹر مشرا تاحال مرکزی وزارت داخلہ میں اسپیشل سیکریٹری (داخلی سلامتی) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ دلیپ تریویدی کے 30 نومبر کو وظیفہ پر سبکدوش ہوجانے کے بعد گزشتہ 15 دن سے یہ عہدہ مخلوعہ تھا۔ اس فورس سے 3 لاکھ نیم فوجی سپاہی وابستہ ہیں جو بالخصوص نکسلائٹوں کے خلاف مہم کی قیادت کرتے ہیں۔ خود مسٹر مشرا نے بھی اڈیشہ پولیس سربراہ کی حیثیت سے مخالف نکسلائیٹ مہم کی قیادت کی تھی۔ اس فورس کو کئی چیلنجس کا سامنا ہے بالخصوص بائیں بازو کی انتہاپسندی سب سے بڑا خطرہ ہے۔