پرکاشم اور نیلور میں رائے دہی کے بعد تشدد ، 12 زخمی ، پولیس ویان تباہ

حیدرآباد 8مئی ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے اضلاع پرکاشم اور نیلور میں انتخابی تشدد کے علیحدہ علیحدہ واقعات میں 12 افراد بشمول ایک کانسٹیبل زخمی ہوگئے ۔ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی ۔ سور اوری پلی ضلع پرکاشم میں دو پارٹیوں کے سیاسی کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائر کیا جبکہ گذشتہ رات رائے دہی کے اختتام پر وہ ایک دوسرے سے اُلجھ پڑے ۔ اس تصادم کے دوران کم از کم دس افراد زخمی ہوگئے جنہیں گنٹور کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کل رات گنٹور اور کڑپہ کے رائے دہی مراکز پر جہاں لوک سبھا اور اسمبلی کیلئے دوسرے مرحلہ کی رائے دہی ہوئی ، متصادم گروپوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو فائرنگ تک کا سہارا لینا پڑا ۔ پروکلو ولیج میں پیش آئے ایک اور واقعہ میں ایک پولیس کانسٹیبل اور دیہاتی کو مقامی افراد نے حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ سینئر پولیس آفیسر نے اس بات کا انکشاف کیا جبکہ ایک پولیس ٹیم مذکورہ ولیج پہنچی تو دیہاتیوں نے پولیس کی گاڑی تباہ کردی اور کانسٹیبل پر بھی حملہ کیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ امتناعی احکام نافد کردیئے گئے اور امن کی برقراری کیلئے ولیج میں زائد پولیس فورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ مجموعی طور پر صورتحال قابو میں ہے۔