پرچہ سوالات کے افشا کا مقدمہ II ایمسیٹ

سی آئی ڈی نے تیسرے ملزم کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد 29 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایمسیٹ II پرچہ سوالات کے افشا کی تحقیقات کرنے والی تلنگانہ سی آئی ڈی نے آج ایک 52 سالہ بروکر کو گرفتار کرلیا جس پر الزام ہے کہ اس نے 14 طلبا کے والدین سے 1.73 کروڑ روپئے وصول کئے تھے ۔ اس طرح اس کیس میں اب تک گرفتار شدگان کی تعداد 3 ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شیخ رمیش عرف رحیم نامی اس بروکر کا تعلق پرکاشل ضلع سے ہے اور اسے شہر کے مضافات میں بوڈ اوپل کے مقام سے گرفتار کیا گیا ۔ سی آئی ڈی نے کہا کہ اس بروکر نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف مقامات سے 14 طلبا کو جمع کیا اور انہیں پونے میں ایک کیمپ کو منتقل کیا جہاں انہیں افشا ہوئے پرچہ سوالات کے مطابق تربیت دی گئی ۔ ایجنسی کے بموجب جو 1.73 کروڑ روپئے اس نے وصول کئے تھے اس کے منجملہ 1.2 کروڑ روپئے اس نے ایک اور بروکر کو دئے جو طلبا کو پونے کے کیمپ کو لے گیا تھا ۔ سی آئی ڈی نے کہا کہ 15 لاکھ روپئے اس کے دوست کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروائے گئے تھے ۔ سی آئی ڈی نے بتایا کہ رمیش کے قبضہ سے 37.5 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے ملزمین اور بروکرس کو گرفتار کرنے اقدامات جاری ہیں۔ سی آئی ڈی نے کل دو افراد کو گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضہ سے امتحان سے قبل افشا ہوئے دو پرچہ سوالات دستیاب کئے ۔ ایجنسی نے اس کیس میں مزید مشتبہ درمیانی آدمیوں کی بھی پوچھ تاچھ کے دوران شناخت کی ہے ۔