صدر بی جے پی کشن ریڈی کے بیان پر محمد عبدالمعید کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : ٹی آر ایس اقلیتی قائد جناب محمد عبدالمعید خاں نے ریاستی بی جے پی کے صدر مسٹر جی کشن ریڈی کی چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے اس فیصلہ پر کی گئی تنقید کو غلط ، بے جا اور نازیبا قرار یا ہے کہ کے سی آر اس مرتبہ یوم آزادی کا پرچم تاریخی قلعہ گولکنڈہ پر کیوں لہرا رہے ہیں ۔ جناب عبدالمعید خاں نے کہا کہ جی کشن ریڈی کا یہ بیان صرف ٹی آر ایس کو نشانہ بنانے کے لیے دیا گیا ہے اور وہ اس فیصلہ کو فرقہ پرستی کی عینک سے دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قطب شاہی دور اور آصف جاہی دور حکومت عدل و انصاف اور فرقہ وارانہ اتحاد ویکجہتی کی جیتی جاگتی علامت تھے اور اسی وجہ سے کے سی آر نے اس تاریخی مقام سے پرچم لہرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگر یہاں پرچم لہرانا غلط ہے تو پھر نریندر مودی اور اس سے پہلے واجپائی کا لال قلعہ سے پرچم لہرانے کا کیا جواز ہے ۔ لال قلعہ بھی مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کی قائم کردہ مغلیہ حکومت کے بادشاہ شاہجہاں نے تعمیر کروایا تھا اور بی جے پی مغلیہ دور کو بھی ظالمانہ قرار دیتی ہے ۔ انہوں نے کشن ریڈی سے کہا کہ وہ اس قسم کے بچکانہ و غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہوئے فضا کو خراب نہ کریں ۔ کے سی آر نے قلعہ گولکنڈہ سے پرچم لہرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک انقلابی اقدام کیا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔۔