پروین توگڑیہ کی زہر افشانی کی مذمت : فوری گرفتاری کا مطالبہ

دستور ہند میں سماج کے تمام طبقات کو مساوی حقوق : ششی دھر ریڈی کا رد عمل

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد و رکن اسمبلی مسٹر ششی دھر ریڈی نے مسلمانوں کے خلاف پروین توگڑیا ا ور گری راج سنگھ کی زہر افشانی کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ حلقہ صنعت نگر کے امیدوار مسٹر ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ہندوستان تمام مذاہب اور طبقات کا گلدستہ ہے ۔ دستور ہند نے سماج کے تمام افراد کو مساوی حقوق دئیے ہیں ۔ پروین توگڑیا اور گری راج سنگھ ملک کے ٹھیکیدار نہیں ہے ۔ ہندوتوا طاقتیں مودی کو وزیر اعظم بنانے ملک کے امن کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ہندو علاقوں میں مسلمانوں کے مکانات چھین لینے اور انہیں ہندو علاقوں سے بیدخل کرنے کی اشتعال انگیزی کرکے توگڑیا نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی ۔ جبکہ گری راج سنگھ نے مودی کی تائید نہ کرنے پر مسلمانوں کو پاکستان بھیج دینے کا انتباہ دیا ہے ۔ سنگھ پریوار سیاسی مفاد پرستی کیلئے سیکولرازم کو داغدار بنا رہے ہیں ۔ کانگریس ‘ ہندوتوا طاقتوں اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے درمیان آہنی دیوار بنی ہے اور مسلمانوں کے جان و مال کا مکمل تحفظ کرے گی ۔ بی جے پی ملک میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ وزیر اعظم بننے کا نریندر مودی کا خواب چکنا چور ہوجائے گا ۔ اقلیتیں ملک کا اٹوٹ حصہ ہے ان کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ادھوری ہے ۔ مسٹر ششی دھر ریڈی نے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ اسمبلی صنعت نگر کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ مزید کئی اقدامات کرنا باقی ہے ۔ تلگو دیشم بی جے پی سے ناپاک اتحاد کرچکی ہے ۔ تلگو دیشم کے حق میں دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کے حق میں جائے گا ۔ مسلمانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھانے والے صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو بالآخر بی جے پی کی گود میں بیٹھ گئے ۔ ٹی آر ایس دھوکہ باز جماعت ہے ۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے وعدے سے کے چندر شیکھر راؤ منحرف ہوگئے ۔ دلت کو چیف منسٹر بنانے وعدے سے دستبردار ہوگئے ان پر بھروسہ کرنا دھوکہ کھانے کے مترادف ہوگا ۔