اسلام آباد ۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک خصوصی عدالت جو سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف پر عائد غداری کے الزامات کے مقدمہ کی سماعت کررہی ہے، نے سماعت کی آئندہ تاریخ 20 اگست مقرر کی ہے۔ پی ایم ایل (این) حکومت نے پرویز مشرف پر نومبر 2007ء میں ملک میں غیرآئینی طور پر ایمرجنسی کا نفاذ کرنے کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس مقدمہ کی سماعت کرنے والی بنچ کی قیادت لاہور ہائیکورٹ چیف جسٹس محمد یاور علی کریں گے۔ جیو نیوز نے یہ بات بتائی۔ 74 سالہ پرویز مشرف جو اس وقت دوبئی میں مقیم ہیں، نے سیکوریٹی کی بنیاد پر پاکستان واپس آنے سے انکار کردیا ہے۔ گذشتہ ماہ وکیل اکرم شیخ پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ کی حیثیت سے دستبردار ہوگئے تھے۔ انہیں پرویز مشرف کے مقدمہ کیلئے سابق حکومت نے 2013ء میں مقرر کیا تھا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہیکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کے ذریعہ قائم کی جانے والی نئی حکومت جس کے عمران خان وزیراعظم ہوں گے، کیلئے پرویز مشرف کا کیس کسی چیلنج اور آزمائش سے کم نہیں ہوگا۔