پروہت کی عرضی پر سماعت سے ہائیکورٹ کی پھر معذرت

ممبئی ، 5 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے آج یہاں لفٹننٹ کرنل سریکانت پروہت کی عرضداشت پر فوری سماعت کرنے انکار کردیا جس سے بھگوا ملزم کو زبردست جھٹکا لگا کیوں کہ تحت کی عدالت نے سرکاری گواہوں کے بیانات کا اندراج شروع کردیا ہے نیز اسی درمیان جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی) کی جانب سے داخل مداخلت کار کی عرضداشت کو سماعت کیلئے منظورکرلیا۔ آج ممبئی ہائی کورٹ کی دورکنی بنچ کے جسٹس ساونت اور جسٹس جمعدار کے روبرو یو اے پی اے قانون کے اطلاق کے خلاف داخل اپیل پر سماعت متوقع تھی لیکن عدالت نے یہ کہتے ہوئے معذرت کرلی کہ ابھی ان کے پاس وقت نہیں۔

ای وی ایم کے سلسلے میں کانگریس کی باتیں غیر ذمہ دارانہ : بھوپیندر سنگھ
بھوپال، 5دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ بھوپیندر سنگھ نے ضلع ساگر کے کھرئی میں کہا کہ کانگریس غیر ذمہ دارانہ برتاؤ کر رہی ہے ۔ کانگریس نے ای وی ایم جمع کرنے میں گڑبڑی ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ بھوپیندر نے آج یہاں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اہلکار ریزرو ای وی ایم دن میں جمع کرانے آئے تھے ۔ کانگریس کے ذریعہ ہنگامہ کھڑا ہونے کے بعد انتظامیہ نے انھیں بتایا کہ یہ ریزرو ای وی ایم ہیں اور یہ بعد میں ہی جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع الیکشن افسر نے ای وی ایم کھول کر بھی دکھائے ۔
اس کی ویڈیو گرافی بھی کرائی گئی۔ اس پر کھرئی سے کانگریس کے امیداوار نے بھی اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کانگریس غیر ذمہ دارانہ باتیں کر کے شکست کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے ۔ کانگریس کا الزام تھا کہ وزیر داخلہ مسٹر سنگھ کے حلقے اسمبلی، کھرئی کی ای وی ایم، ووٹنگ کے بعد دیر سے جمع کی گئی ہے ۔