پروفیسر کودنڈا رام کی چیف سکریٹری سے ملاقات،کسانوں کی پیداوار پر امدادی قیمت کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 26۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے آج چیف سکریٹری ایس کے جوشی سے ملاقات کی اور کسانوں کو درپیش مسائل پر نمائندگی کی ۔ انہوں نے لال جوار اور ہلدی کے کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ نظام آباد اور دیگر اضلاع میں کسان احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت کو مسائل کی یکسوئی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی پیداواری اشیاء کی امدادی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ کودنڈا رام نے الزام عائد کیا کہ لال جوار کے کسان جب مطالبات کی یکسوئی کیلئے سڑکوں پر اتر آئے تو انہیں مختلف مقدمات کے تحت جیلوں میں بند کیا جارہا ہے ۔ کودنڈا رام نے کسانوں پر دائر کئے گئے مقدمات سے فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی بھلائی کیلئے انتخابات سے قبل بلند بانگ دعوے کئے تھے لیکن حکومت کی تشکیل کے بعد زرعی شعبہ کو فراموش کردیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کسان کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے اور ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا ۔