صدر نشین جے اے سی کانگریس کے ترجمان ، ٹی آر ایس ارکان قانون ساز کونسل کی تنقید
حیدرآباد ۔5۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے ایجنڈہ پر کام کر رہے ہیں۔ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ کودنڈا رام دراصل کانگریس پارٹی کے سرکاری ترجمان کا رول ادا کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر اور رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی نے نلگنڈہ ضلع کے فلورائیڈ متاثرین کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق ڈنڈی پراجکٹ کی مخالفت پر ردعمل کا اظہار کیا۔ پروفیسر کودنڈا رام اس پراجکٹ میں تبدیلیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ارکان مقننہ نے کہا کہ پراجکٹ کی مخالفت کرنے پر کودنڈا رام کو تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام کا ہر قدم تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ وہ حکومت کے ہر اقدام کی مخالفت کرنے کے ایجنڈہ پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جس طرح حکومت کی غیر ضروری مخالفت کر رہی ہے ، اسی طرح کودنڈا رام بھی مخالفانہ ایجنڈہ پر کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کے پہلے ہی دن سے کانگریس پارٹی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی سازش کر رہی ہے اور اس سازش میں کودنڈا رام حصہ دار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کودنڈا رام کانگریس کے ایجنٹ ہیں یا انہوں نے کانگریس سے کوئی خفیہ معاہدہ کرلیا ہے ۔ پربھاکر نے کہا کہ اگر کودنڈا رام کو تلنگانہ عوام سے اور ان کی ترقی سے دلچسپی ہے تو انہیں چاہئے کہ تنقید کا سلسلہ بند کریں اور تعمیری تجاویز پیش کریں۔ پربھاکر نے کہا کہ کودنڈا رام اگر تلنگانہ کے حق میں ہیں تو انہیں آندھرائی قائدین کے اشارہ پر تلنگانہ کی مخالفت ترک کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کی مخالفت کرتے ہوئے دو اضلاع نلگنڈہ اور محبوب نگر کے درمیان تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام کو جے اے سی ترک کرتے ہوئے گاندھی بھون میں بیٹھ کر بیانات جاری کرنے چاہئے ۔ رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی نے کہا کہ پروفیسر کودنڈا رام اپنے مقام اور رتبہ سے ہٹ کر حکومت کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مخالفت کیلئے کانگریس پارٹی کودنڈا رام کی سرپرستی کر رہی ہے۔ تلنگانہ عوام ان تمام سرگرمیوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ تلنگانہ کے مخالفین کو مناسب سبق سکھائیں گے۔