حیدرآباد۔/7اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدر نشین کی حیثیت سے پروفیسر ٹی پاپی ریڈی نے آج اپنے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ تلنگانہ حکومت نے ایمسیٹ کونسلنگ کے مسئلہ پر پیدا شدہ تنازعہ کے بعد تلنگانہ کیلئے علحدہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی تشکیل عمل میں لائی ہے اور کاکتیہ یونیورسٹی سے وابستہ پروفیسر کو صدرنشین مقرر کیا گیا۔ پروفیسر پاپی ریڈی نے اس عہدہ پر نامزد کئے جانے پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کا اجلاس کل جمعہ کو منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ کیلئے ایمسیٹ کونسلنگ کے مسئلہ پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ کونسلنگ کے سلسلہ میں تلنگانہ کے طلبہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور تلنگانہ حکومت ہر طالب علم کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی طالب علم داخلہ کے حق سے محروم نہیں رہے گا۔ واضح رہے کہ علحدہ تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے قیام پر آندھرا پردیش حکومت نے اعتراض جتایا ہے اور اس سلسلہ میں گورنر سے نمائندگی کی گئی۔ تلنگانہ حکومت نے آندھرا پردیش کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ ایمسیٹ کونسلنگ کے اعلامیہ کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد دونوں ریاستوں نے اتفاق رائے کے ذریعہ کونسلنگ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے 31اگسٹ تک کونسلنگ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔