ہوسٹن ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی امریکی پروفیسر کو گردہ کے خلیوں پر ان کی تحقیق کیلئے 1.6 ملین ڈلر کی گرانٹ موصول ہوئی ہے۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہندوستانی امریکی طاہر حسین یونیورسٹی آف ہوسٹن میں فارماکولوجی کے پروفیسر ہیں جنہیں امریکی قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) سے گرانٹ موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے ایسے خلیوں پر تحقیق کی تھی جو اینجیوٹنین ٹائپ 2 (اے ٹی 2 آر) پروٹین جاری کرنی ہیں۔ حال ہی میں یہ اشارہ ملا تھا موٹاپے کے سبب ہونے والے کہنہ سوزش سے ان خلیوں کے ذریعہ بچا جاسکتا ہے۔ پروفیسر طاہر حسین نے کہا کہ ’’اے ٹی 2 آر اگر متحرک ہوتے ہیں تو گردے کے شدید اور کہنہ زخموں سے بچنے کیلئے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔ پروفیسر حسین نے کہا کہ ’’اس گرانٹ کے تحت میں یہ تجویز پیش کرنا چاہتا ہوں کہ گردوں میں موجود بعض خلیے بذات خود گردہ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں‘‘۔