9 مئی کو اندرا پارک پر احتجاجی دھرنا ، پروفیسر ورا ورا راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : پروفیسر جی این سائی بابا کی غیر مشروط رہائی کے مطالبہ پر اسٹرگل کمیٹی فار ریلینر آف پروفیسر جی این سائی بابا تلنگانہ اینڈ آندھرا پردیش کے زیر اہتمام 9 مئی کو اندرا پارک پر صبح 10 بجے بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ جس میں 32 عوامی ، سماجی ، طلباء تنظیموں سے وابستہ قائدین شرکت کریں گے ۔ یہ بات آج یہاں اسٹرگل کمیٹی فار ریلینر آف پروفیسر جی این سائی بابا تلنگانہ اینڈ آندھرا پردیش ارکان مسرز انقلابی ادیب پروفیسر ورا ورا راو ، شریمتی سندھیا ( پی او ڈبلیو ) لطیف محمد خاں ( سی ایل ایم سی ) ، نارائن راؤ ( سی ایل سی ) پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر جی این سائی بابا جو 90 فیصد جسمانی معذور ہیں اور وہ کئی مہلک امراض میں مبتلا ہیں جنہیں گذشتہ سال 6 مئی 2014 کو مہاراشٹرا پولیس کی جانب سے اچانک گرفتار کر کے ان کے خلاف ماویسٹ سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے علاوہ دیگر جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں جیل میں محروس رکھا گیا ہے جب کہ پروفیسر سائی بابا پر عائد کئے گئے الزامات بالکلیہ غلط اور حقائق سے بعید ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پروفیسر سائی بابا کو گرفتار کر کے ایک سال کا عرصہ ہورہا ہے لیکن نہ ہی انہیں رہا کیا جارہا ہے اور نہ ہی انہیں درکار ادویات کی بروقت سربراہی کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں ان کی صحت دن بہ دن گرتی جارہی ہے اور ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ پروفیسر جی این سائی بابا کو ہلاک کردینے کی سازش کررہے ہیں ۔ انہوں نے مرکزی و ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پروفیسر سائی بابا کو غیر مشروط رہا کردے بصورت دیگر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 9 مئی کو مجوزہ دھرنا پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کر کے دھرنا پروگرام کو کامیاب بنائیں ۔۔