پے منٹ اور این آر آئی کوٹہ مختص، اکیڈیمک کونسل اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی پروفیسر جئے شنکر اگریکلچرل یونیورسٹی میں نئے تعلیمی سال سے مزید 100 نشستوں کے اضافہ ہونے کا قوی امکان پایا جاتا ہے۔ اس طرح بتایا جاتا ہیکہ 75 نشستوں اور این آر آئی کوٹہ (غیرمقیم ہندوستانیوں کے کوٹہ) کے تحت 25 نشستوں کا اضافہ ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر جئے شنکر اگریکلچرل یونیورسٹی مسٹر پروین راؤ کی صدارت میں منعقدہ یونیورسٹی اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں مذکورہ دونوں کوٹہ کے تحت جملہ 100 نشستوں میں اضافہ کی منظوری دی گئی۔ ان 100 زائد نشستوں میں اضافہ کے ذریعہ اگریکلچرل یونیورسٹی میں بی ایس سی اگریکلچرل کورسیس کی نشستوں کی جملہ تعداد 663 ہوجائے گی۔ اسی دوران رجسٹرار اگریکلچر یونیورسٹی مسٹر سدھیر کمار نے بتایا کہ پے منٹ نشستوں کیلئے کورس فیس کے ساتھ ساتھ ہر سال 1.5 لاکھ روپئے زائد رقم ادا کرنی پڑے گی۔ علاوہ ازیں این آر آئی (غیرمقیم ہندوستانی افراد) کوٹہ کی نشست کیلئے بھی کورس فیس کے علاوہ ہر سال 1.5 لاکھ روپئے زائد کے ساتھ داخلہ کے موقع پر 6800 امریکن ڈالرس ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایس سی کمیونٹی سائنس کورس کے نشستوں کی تعداد کو بھی 59 سے بڑھا کر 75 نشستیں کی گئیں۔ مسٹر سدھیر کمار نے بتایا کہ اگریکلچرل یونیورسٹی حدود میں پائے جانے والے 10 گورنمنٹ پالی ٹیکنک کالجوں میں بھی نشستوں کی تعداد 330 سے گھٹا کر 220 کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تجاویز ریاستی حکومت کو منظوری کیلئے روانہ کئے جائیں گے۔