حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آنجہانی پروفیسر جے شنکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ سے نا انصافیوںکے تعلق سے انہیں پروفیسر جئے شنکرنے واقف کروایا تھا اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئے تو اس سے تلنگانہ عوام کو ہونے والے فائدوں کی تفصیلات سے بھی پروفیسر جے شنکر نے ہی واقف کروایا تھا ۔ چیف منسٹر نے آج آنجہانی پروفیسر جے شنکر کی چوتھی برسی کے موقع پر تلنگانہ بھون میں پروفیسر جے شنکر کے مجسمہ کی گلپوشی کی اور خراج عقدیت پیش کیا ۔ چندر شیکھر راو نے کہا کہ آج علحدہ تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کے بعد تلنگانہ کو ترقی کی سمت گامزن کیا جارہا ہے اورآج جو ترقی حاصل ہوگی اس سے پروفیسر جے شنکر کی آتما کو شانتی پہونچے گی ۔ انہوںنے کہا کہ پروفیسر جے شنکر کے بتائے ہوئے راستہ پر گامزن ہوکر ان کی توقعات کو پورا کرنے کی وہ کوشش کریں گے اور ریاست کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائینگے ۔