پروفیسر جئے شنکر کو تلنگانہ بھون میں خراج عقیدت

تحریک میں اہم رول کی یاد تازہ ، کے ٹی آر ، نرسمہا ریڈی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر کی ساتویں برسی کے موقع پر تلنگانہ بھون میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، این نرسمہا ریڈی ، سرینواس یادو ، ڈاکٹر لکشما ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ بی بی پاٹل ، ملا ریڈی ، ارکان مقننہ ایم گوپی ناتھ ، ایس راجو ، محمد سلیم ، میئر حیدرآباد بی رام موہن اور دیگر قائدین نے پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ تحریک روزگار ، پانی اور وسائل کے لئے چلائی گئی تھی۔ پروفیسر جئے شنکر نے تلنگانہ تحریک کے دوران ہر موڑ پر رہنمائی کی۔ پروفیسر جئے شنکر نے نئے تلنگانہ کا جو خواب دیکھا تھا، اس کی تکمیل کیلئے ٹی آر ایس حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے وسائل ، تلنگانہ کی ترقی پر خرچ کئے جارہے ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ کے ساتھ ہر شعبہ میں ناانصافی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں طویل جدوجہد کرنے والے پروفیسر جئے شنکر آج ہمارے درمیان نہیں رہے جو انتہائی دکھ کی بات ہے ۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی سمت پیشقدمی کر رہے ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات ملک کیلئے مثالی ہے۔ زرعی شعبہ کے لئے شروع کردہ حالیہ اسکیمات کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر گزشتہ چار برسوں سے پروفیسر جئے شنکر کے خوابوں کی تکمیل کی مساعی کر رہے ہیں۔ دیگر عوامی نمائندوں میں بھی تلنگانہ تحریک کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر کو خراج پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ کے سی آر کی قیادت میں حکومت ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔