اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکامات ، اقلیتی اداروں کی تنظیم جدید پر جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔28 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) حکومت نے مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور کو آندھراپردیش کرسچین میناریٹی فینانس کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے احکامات جاری کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرسچین فینانس کارپوریشن کے موجودہ مینجنگ ڈائرکٹر مسٹر نکولس چھٹی پر گئے ہوئے ہیں، لہذا ان کے غیاب میں پروفیسر ایس اے شکور کو زائد ذمہ داری دی گئی ۔ اقلیتی بہبود کے اداروں میں بیشتر اداروں کی ذمہ داری پروفیسر ایس اے شکور کے پاس ہے۔ وہ سی ای ڈی ایم کے ڈائرکٹر ، اردو اکیڈیمی کے سکریٹری ڈائرکٹر ، حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اسی دوران محکمہ پلاننگ کے اسپیشل چیف سکریٹری نے اقلیتی اداروں کی تنظیم جدید کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔
اجلاس میں محکمہ قانون کے عہدیداروں نے وضاحت کی کہ شیڈول 9 میں شامل کئے گئے اداروں کو 2 جون تک تقسیم کرنا لازمی ہے جبکہ شیڈول 10 میں شامل اداروں کی تقسیم 2 جون کے بعد عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ شیڈول 9 کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹریٹ میں موجود ملازمین ، اقلیتی بہبود کمشنریٹ اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تقسیم 2 جون تک مکمل کرلی جائے گی ۔ یہ ادارے نئی ریاستوں کے قیام کے ساتھ ہی اپنی اپنی ریاست میں کام کرنا شروع کردیں گے ۔ اردو اکیڈیمی ، حج کمیٹی ، وقف بورڈ ، سی ای ڈی ایم ، سروے کمشنر وقف اور وقف ٹریبونل کی تقسیم 2 جون کے بعد عمل میں آئے گی۔ دائرۃ المعارف کو تقسیم سے مستثنی رکھا گیا ہے اور وہ دونوں ریاستوں کا مشترکہ اثاثہ ہوگا۔