پروفیسر اظہر دہلوی کو خراجِ عقیدت

نئی دہلی 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) راجدھانی دہلی کی سماجی تنظیم ، انجمن محبان وطن کی جانب سے اس کے مرکزی دفتر واقع دریاگنج میں پروفیسر عبدلودود اظہر دہلوی کے انتقال پر تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انجمن محبانِ وطن کے جنرل سکریٹری جمیل انجم دہلوی و دیگر عہدیداران اور علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ جمیل انجم دہلوی نے پروفیسر اظہر دہلوی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت عطا فرمائے ۔ پروفیسر عبدلودود اظہر دہلوی علم و ادب کے گہوارہ تھے ۔ ان کی پیدائش 9 اگست 1936 میں ہوئی اور 30 ستمبر 2016 کو وہ اپنے مالکِ حقیقی سے جاملے ۔ ان کے انتقال سے علمی و ثقافتی دنیا میں ایک خلاء پیدا ہوہوا ہے ۔ جس کا پُر ہونا ناممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر اظہر دہلوی کو ہندوستان میں ہی نہیں افغانستان اور دیگر ممالک میں بھی جانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا پروفیسر صاحب کی تعلیمی ابتدا جامعہ ملیہ سے ہوئی اور ذاکر حسین کالج میں گریجوئیشن کے بعد ذاکر حسین کالج کے ہی لیکچرار رہے ۔انہوں نے ایران سے پی ایچ ڈی کی اور ان کو 1988 میں صدرِ جمہوریہ ہند وینکٹ رمن نے راشٹرپتی ایوارڈ سے نوازا۔ پروفیسر عبدالودود اظہر دہلوی غالب اکیڈمی، اردو اکیڈمی اور کریسینٹ اسکول دریاگنج و جعفرآباد کے بانیان میں تھے ۔