پروفیسر اخترالواسع کا شکاگو میں خیرمقدم

شکاگو ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) AFMI کی جانب سے 29 مئی 2015ء نارتھ ویسٹ سبربن کالج سب میڈوز میں ہندوستان کے مشہور عالمی شہرت یافتہ جامعہ ملیہ دہلی کے مایہ ناز دانشور ۔ اسلامک اسٹڈیز کے صاحب طرز ادیب پروفیسر اخترالواسع کا شاندار خیرمقدم ہوا۔ اس خیرمقدمی تقریب کی صدارت اور استقبالیہ مشہور ماہر امراض دماغ Director of Star Psychiatric ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کی۔ پروگرام کا آغاز بعد نماز مغرب حافظ معاذ قادری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پروفیسر سلطانہ نے پروفیسر اخترالواسع کا جامع تعارف کراتے ہوئے ان کی روشن خیالی کا تذکرہ اور مغربی دنیا میں اردو کی جانب توجہ کا جائزہ لیا۔ پروفیسر واسع ہندوستانی گنگاجمنی تہذیب کے روح رواں، علم تصوف کے ماہر نے اپنے زرین خیالات سے نوازا۔ مخاطبت کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔ ڈاکٹر خالد سمیع کے شکریہ ادا کرنے سے قبل ایک پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ تقریب شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چلتی رہی۔ اس تقریب کے معزز مہمانوں اور دانشوروں میں ڈاکٹر عابداللہ غازی، ڈاکٹر تسنیمہ غازی، قلیل الزماں خاں مسیح الدین، احمد عبدالحکیم کے نام شامل ہیں۔