پرواسی بھارتیہ دیوس کاآج آغاز

نئی دہلی 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)پرواسی بھارتیہ دیوس 2014 کا کل سے نئی دہلی میں آغاز ہوگا ۔ اس کے کلیدی موضوعات میں حفظان صحت پر تبادلہ خیال اور نوجوانوں کی شمولیت ہوں گے۔جاریہ سال کا مرکزی موضوع ’’ہندوستانی برادری کی شمولیت :نسلوں تک ربط ‘‘ہوگا اور نوجوان پرواسی بھارتیہ برادری توقع ہے کہ بیرون ملک نوجوان ہندوستانیوں کی ہندوستان کے انتظامیہ میں اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے نئے اُفق کھولے گی ،ایک طاقتور نیٹ ورک قائم کرے گی جو ہندوستان میں نوجوانوں کے تمام شعبوں کیلئے ہوگا۔ نوجوان اور حفظان صحت دو بڑے شعبہ ہیں جن پر جاریہ سال تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ مرکزی وزیر برائے بیرون ملک ہندوستانی امور وائیلار روی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرواسی بھارتیہ دیوس کا افتتاح وزیر اعظم منموہن سنگھ کریں گے اور ملیشیاء کے وزیر برائے قدرتی وسائل و ماحولیات وائی بی دتوک سیری پلانی ویل مہمان خصوصی ہوںگے۔وائیلار روی نے کہا کہ پلانی ویل ہندوستانی نژاد انہتائی ممتاز قائد ہے اور ایک اہم سیاستداں بھی ہیں۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی 9 جنوری کو اختتامی خطاب کریں گے اور پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈس پیش کریں گے

جو اس بار 14 افراد کو دیئے جائیں گے ۔ وائیلار روی نے کہا کہ خلیج میں این آر آئیز کے مسائل پر ایک خصوصی اجلاس کا جاریہ سال اہتمام کیا جائے گا تا کہ ان کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے اور مسائل کا امکانی حل تلاش کیا جاسکے ۔ ان اجلاسوں کے علاوہ ’’ایک مشترکہ ورثے میں شراکت داری ، جذباتی ربط ‘‘ کے موضوع پر ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا اور کارنامے انجام دینے والے نوجوانوں کیلئے ایک پلینری اجلاس ہندوستان کے فروغ اور ترقی کے ایجنڈہ کے موضوع پر منعقد کیا جائے گا ۔ ریاستی میں سرمایہ کاری کے مواقع اور متوازی سرکاری اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ پہلے ہی 700 مندوبین رجسٹریشن کروا چکے ہیں ۔ عام طور پر رجسٹریشن آخر ی دن کروایا جاتا ہے گذشتہ سال صرف 400 تا 500 مندوبین موجود تھے ۔ اس بار شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ وائیلار روی نے کہا کہ ہم دنیا بھر کی مختلف اسو سی ایشنس ،50 ممالک کے عوام سے بات چیت کررہے ہیں جو اپنا رجسٹریشن پہلے ہی کرواچکے ہیں۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے اس اجلاس میں شرکت کی توقع نہیں ہے ۔