نئی دہلی 8 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) تقریبا 100 پائلٹس کے خلاف 2011 سے جاریہ سال 30 جون تک پروازوں سے عین قبل شراب نوشی کرنے پر تادیبی کارروائی کی گئی ہے حالانکہ طیاروں کے عملہ میں شراب نوشی کے واقعات میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ راجیہ سبھا کو آج اس بات سے مطلع کیا گیا ۔ منسٹر آف اسٹیٹ شہری ہوا بازی مسٹر جی ایم سدیشورا نے ایوان میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 2011 سے جاریہ سال 30 جون تک جملہ 97 پائلٹس کے پروازوں سے قبل ٹسٹ کئے گئے جس میں وہ حالت نشہ میں پائے گئے ۔ ان میں 28 پائلٹس کا تعلق جیٹ ائرویز سے اور انڈیگو اور اسپائس جیٹ سے 17, 17 پائلٹس کا تعلق ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2011 میں ماقبل پرواز ٹسٹ میں 17 پائلٹ حالت نشہ میں پائے گئے جبکہ 2012 میں 41 پائلٹس نشہ میں تھے اور 2013 میں 31 پائلٹس کا ٹسٹ مثبت ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال 30 جون تک جملہ 8 پائلٹس پرواز سے قبل شراب نوشی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ ہوابازی کے ریگولیٹر ڈی جی سی اے کے رہنما خطوط کے بموجب کو پائلٹس پرواز سے قبل پہلی مرتبہ حالت نشہ میں پائے جاتے ہیں
انہیں تین ماہ کیلئے معطل کیا جاتا ہے اور دوسری مرتبہ اسی جرم کا ارتکاب کرنے پر پانچ سال کیلئے معطل کیا جاتا ہے ۔ مسٹر سدیشور نے کہا کہ 2011 میںتمام 17 پائلٹس کو تین ماہ کیلئے معطل کیا گیا تھا جبکہ سال 2012 میں معطل ہونے والے پائلٹس میں دو دوسری مرتبہ شراب نوشی کے مرتکب پائے گئے اور انہیں پانچ سال کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔ ان میں سے ایک کا جیٹ ائرویز سے اور ایک کا گو ائر سے تعلق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں جیٹ ائرویز کا ایک پائلٹ اور انڈیگو کا ایک پائلٹ پانچ سال کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔ جاریہ سال 30 جون تک جو آٹھ پائلٹ شراب نوشی کے مرتکب پائے گئے ان میں تین کا تعلق اسپائس جیٹ سے اور دو کا انڈیگو سے بتایا گیا ہے ۔ ان میں سے سات پہلی مرتبہ پکڑے گئے تھے اس لئے تین ماہ کیلئے معطل کئے گئے جبکہ انڈیگو کا پائلٹ پانچ سال کیلئے معطل کیا گیا ۔متعلقہ ائر لائینس کو بھی اس طرح کے عملہ کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے ۔