پرنٹ میڈیا کی اہمیت آج بھی جوں کی توں برقرار

اخبار میں شائع خبر دستاویز ہوتی ہے ، جناب محمد محمود علی کا تاثر
حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے پرنٹ میڈیاکو کافی اہمیت کا حامل قراردیتے ہوئے کہاکہ عصری دور میںجہاں پر دنیا بھر کی خبریں پل بھر میں اپ کے موبائل فون پر دستیاب ہیں وہیں پر آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی پرنٹ میڈیا کی اہمیت جوں کی توں برقرارہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی دنیا کے مصروف ترین شخص کی صبح اخبار کا مطالعہ کئے بغیر نہیںہوتی ۔ جناب محمد محمودعلی نے پرنٹ میڈیا میں شائع خبر دستاویز کی شکل اختیارکرلیتے ہیں۔ آ ج یہاں ووڈ برج ہوٹل لکڑی کا پل میں اُردو میڈیا ڈائری سال2017کی رسم اجرائی کے بعد عوام کی کثیرتعداد سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ پرنٹ اورالکٹرانک میڈیاکے ساتھ ساتھ سوشیل میڈیا بھی انسانی ضرورت کا اہم حصہ بن گیا ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ مصروف ترین دور میںکسی ڈائری کی تیاری جنگی مشق سے کام نہیں ہے۔ انہوں نے اُردو میڈیا ڈائری کی اشاعت کرنے والے سید ابراہیم کرار کی ستائش کی اور انہیںمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے تین سالوں سے بڑی جدوجہد اور کافی مشقت کے بعد اُردو میڈیا ڈائری کی تیاری عمل میںلائی جارہی ہے ۔ جناب محمدمحمودعلی نے مزیدکہاکہ ہر سال ڈائری کی رسم اجرائی تقریب میں شرکاء کی تعداد میںاضافہ ہوتا جارہا ہے اور مجھے امید ہے ائندہ سال ڈائری کی رسم اجرائی تقریب کسی بڑے شادی خانہ میںمنعقد کرنا پڑیگا۔ انہوں نے ڈائری کی تیاری پر دل کی گہرائیوں سے سید ابراہیم کرار کو مبارکباد بھی پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میں میڈیاکا کافی اہم رول رہا بالخصوص پرنٹ میڈیا نے تلنگانہ تحریک میںبڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا اور یہی وجہہ ہے کہ حکومت تلنگانہ ذرائع ابلاغ کی قدرداں ہے۔اس موقع پر منتظمین تقریب کی جانب سے چیرمن حیدرآباد زراعی کمیٹی چیرمن محترمہ شاہین افروز‘ چیرمن میناریٹی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین‘ چیرمن سٹ ون میر عنایت علی باقری ‘ رکن تلنگانہ وقف بورڈ جناب وحید احمد ایڈوکیٹ کو تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ جناب خلیق الرحمن کانگریس قائد‘جناب خالد رسول خان ‘ افتخار احمد ایڈوکیٹ‘ جناب رحیم اللہ خان نیازی‘ جناب ارشد علی خان‘ جناب محمد مسیح اللہ ‘ جناب امیر حسین کے بشمول تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے دیگر قائدین او رکارکنان کی کثیرتعداد نے بھی ڈائری کی رسم اجرائی تقریب میںشرکت کی ۔