پرنس ولیم کی اہلیہ کیتھرین کے گلے میں حضورنظام کاہیروں کا نیکلس
حیدرآباد۔/12فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) پرنس ولیم کی اہلیہ کیتھرین اس وقت محفل کی نور نظر بن گئیں جب انہوں نے لندن کے نیشنل پورٹریٹ گیلری کے ڈِنر میں حضور نظام کے ہیروں کے نیکلس کو اپنے خوبصورت گلے کی زینت بنایا۔ ملکہ برطانیہ سے یہ نیکلس ان تک پہونچا ہے۔ کیتھرین نے سیاہ گون والا لباس زیب تن کیا تھا لیکن اپنے گلے میں حضور نظام کے مقبول ترین قیمتی ہیروں کے نیکلس کو پہن کر محفل میں چار چاند لگادیئے۔ اس نیکلس کو 1947ء میں ملکہ ایلزبتھ دوم کو ان کی شادی کے موقع پر بطور تحفہ دیا گیا تھا۔ اس عشائیہ کے دیگر پُرکشش اور معزز مہمانوں میں ایلزبتھ پرلے، راجر لبرمن، آڈمس اور آرٹسٹ گریسن پرے بھی شریک تھے۔ آنکھوں کو خیرہ کردینے والے اس قیمتی نیکلس نے حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔