لندن ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی شاہی خاندان سے جاری ایک بیان کے مطابق پرنس ولیم شاہی خاندان کے ایسے پہلے شخص ہوں گے جو اسرائیل اور فلسطینی سرحدوں کا سرکاری دورہ کریں گے۔ کینسنگٹن پیالیس سے جاری بیان کے مطابق اردن کا دورہ بھی پرنس ولیم کے پروگرام میں شامل ہے۔ البتہ تاریخوں کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ یاد رہیکہ اب تک برطانیہ کے شاہی خاندان کے کسی بھی فرد نے اسرائیل کا سرکاری دورہ نہیں کیا ہے جبکہ دلچسپ بات یہ ہیکہ فلسطینی پر اسرائیل کے قبضہ کو برطانیہ غیرقانونی تصور کرتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ 2016ء میں پرنس چارلس نے اپنی شخصی حیثیت سے اسرائیل کے سابق صدر شمعون پیریز کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔