لندن 23 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے پرنس ولیم اور ان کی شریک حیات کیٹ میڈلٹن کے ہاں ایک لڑکا تولد ہوا ہے ۔ یہ لڑکا برطانوی تاج کا پانچواں وارث ہوسکتا ہے ۔ ڈچس آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن نے وسطی لندن کے ایک دواخانہ میں اس بچے کو جنم دیا ہے ۔ مقامی وقت کے مطابق گیارہ بج کر ایک منٹ پر یہ بچہ تولد ہوا ہے ۔ کنسنگٹن پیلس نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیوک آف کیمبرج 35 سالہ شہزادہ ولیم اپنے لڑکے کی ولادت کے وقت دواخانہ میں موجود تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بچہ اور ماں دونوں کی حالت بہتر ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ ‘ ان کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا ‘ پرنس آف ویلس ‘ ڈچس آف کارنوال ‘ شہزادہ ہیری اور دونوں خاندانوں کے دوسرے افراد کو بھی اس کی اطلاع دیدی گئی ہے اور وہ سب مسرور ہیں۔