نئی دہلی ۔ 8 ۔ اپریل(سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے پرنس کریم آغا خان کو ہندوستان میں سماجی ترقی کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر آج ملک کا ایک اعلیٰ شہری اعزاز پدما و بھوشن عطا کیا ۔ 66 ویں یوم جمہوریہ ہند کے ضمن میں معلنہ ان اعزازات کی تقسیم کے لئے راشٹرپتی بھون میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ممتاز اداکار امیتابھ بچن ، مخیر شخصیت ڈاکٹر ویریندر ہیگڈے ، نامور نیوکلیئر سائنسداں مالور راما سامی اور دوسروں نے بھی ملک کے اعلیٰ سیویلین اعزازات حاصل کئے ۔ اسمعیل امامت اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ہندوستان کے ساتھ ایک صدی قدیم اور تاریخی تعلقات رہے ہیں۔ آغا خان کے دادا سر سلطان محمد شاہ نے 1909 ء کے دوران گجرات کے مندرا ٹاؤن میں پہلا آغا خاں اسکول قائم کیا تھا۔ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک ثقافت ، تعلیم صحت ، پینے کے پانی کی سربراہی ، صحت و صفائی ، دیہی تر قیات اور غریب طبقات کو مالی امداد رسانی کیلئے حکومتوں اور اداروں کے قریبی تعاون کے ساتھ کام کرتا ہے ۔ اس مساعی میں 2500 دیہات شامل ہیں جہاں 6,600 کمیونٹی شہری و دیہی علاقوں میں تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں آغا خاں اکیڈیمی کا قیام عمل میں آیا اور ممبئی میں 161 بستروں پر مشتمل انتہائی اعلیٰ و خصوصی نگہداشت کا دواخانہ قائم کیا گیا ۔ پرنس آغا خان نے گزشتہ روز وزیر ث قافت مہیش شرما کے ساتھ دہلی میں مغل شہنشاہ ہمایوں کے مقبرہ کے قریب نئے میوزیم کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ آغا خان تہذیبی تربیت نے حیدرآباد قطب شاہی ہیریٹیج پارک کیلئے ایک پراجکٹ بھی شروع کیا ہے ۔
راشٹرا پتی بھون میں باوقار شہری اعزازات کی تقریب
امیتابھ بچن اور ویریندر ہیگڈے کو پدم و بھوشن ایوارڈ
نئی دہلی ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن اور پرنس کریم آغا خان پدما و بھوشن ایوارڈ حاصل کرنے والی ممتاز شخصیتوں میں شامل تھے جنہیں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ملک کے دوسرے بڑے شہری اعزاز پیش کئے۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ کوٹاین کے وینو گوپال اور کرناٹک میں دھرم استھالہ جین ٹمپل کے ڈی ویریندر ہیگڈے نے بھی یہ باوقار ایوارڈ حاصل کیا۔ راشٹرا پتی بھون کے میجسٹک دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں ممتاز آسامی فلمساز جھنو بورا اور کمپیوٹر سائنسداں وجئے بھٹکر کو تیسرا باوقار سیول ایوارڈ پدما بھوشن عطا کیا گیا جبکہ ہاکی کھلاڑی صباء انجم ، خاتون کرکٹر میتھلی راج ، ماہر معاشیات بیبک ویب رائے آئی ٹی ماہر ٹی وی موہن داس پائی اور موسیقار رویندر جین کو پدم شری ایوارڈ پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ وزیر فینانس ارون جیٹلی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور اہم شخصیتیں شریک تھیں جبکہ امیتابھ بچن کے فرزند ابھیشک بچن ، بہو ایشوریہ رائے بچن اور دختر شیویتا نندا بھی موجود تھی ۔ یہ باوقاری شہری اعزازات کا اعلان یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا گیا تھا جس میں 9 پدم و بھوشن ، 20 پدم بھوشن اور 75 پدم شری شامل ہیں۔ یہ ایوارڈس حاصل کرنے والوں میں 17 خواتین ، غیر ملکی شہری ، غیر مقیم ہندوستانی اور دوہری شہریت کے حامل افراد کے علاوہ تین ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کا انتقال ہوچکا ہے اور بعد از مرگ اعزازات دیئے گئے ہیں۔