پرنب مکرجی کے دو روزہ دورۂ فن لینڈ کا آغاز

ہیلسنکی۔ 15 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج اپنا دو روزہ سرکاری دورۂ فن لینڈ شروع کردیا جس میں 15 معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دونوں ممالک کی جانب سے دستخط کئے جائیں گے۔ پرنب مکرجی کل رات یہاں پہونچے اور صدر فن لینڈ سولی نجنستو سے شخصی ملاقات کے لئے روانہ ہونے سے قبل گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اہم معاہدہ جس پر دونوں ممالک کے درمیان دستخط انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ہندوستان کے ایٹمی توانائی ریگولیٹری بورڈ اور ریڈیائی تابکاری و نیوکلیئر حفاظت اتھاریٹی فن لینڈ کے درمیان معاہدہ ہے۔ ہندوستان کا ادارہ برائے ٹیکنالوجی اور فن لینڈ کے اعلیٰ تعلیمی ادارے شعبہ بائیو ٹیکنالوجی کے درمیان معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے۔ فن لینڈ کا مالیہ فراہم کرنے والا ادارہ جو ایجادات، ٹیکنالوجی وغیرہ کے لئے مالیہ فراہم کرتا ہے، باہمی تعاون کا معاہدہ کرے گا۔ 15 معاہدوں پر دستخط کے علاوہ دیگر 4 معاہدوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ ہندوستانی برادری اور بزنس وفد کی ملاقات ہوگی۔

فن لینڈ کی پارلیمنٹ کا دورہ کیا جائے گا جہاں صدرجمہوریہ فن لینڈ کے اسپیکر اور دیگر ارکان پارلیمان سے ملاقات کریں گے۔ وہ بین الاقوامی قبرستان میں پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ یہ قبرستان ایک قومی تاریخی عمارت ہے جو جنگوں اپنی جان کی قربانی دینے والے افراد کی یاد میں تعمیر کی گئی ہے۔ صدرجمہوریہ روانیمی قصبہ کا بھی دورہ کریں گے جو قطب شمالی کے قریب واقع ہے اور سرکاری طور پر سینٹاکلاز دیہات کہا جاتا ہے۔ یہ ایک سرکاری دیہات ہے، یہاں سینٹا کلاز پوسٹ آفس ہے۔ ایک سینٹاکلاز مکان اور مختلف چیزیں ہیں۔ سیکریٹری برائے مغربی ممالک نوتیج سرنا نے کہا کہ فن لینڈ ہندوستان کی نیوکلیئر سربراہی گروپ کے مسئلہ پر بین الاقوامی ایٹمی توانائی نگران کار ادارہ میں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے مسئلہ پر ہندوستان کی بھرپور تائید کرتا رہا ہے۔ دونوں ممالک اُمید ہے کہ تعلیمات ، برقی توانائی ، ماہی گیری کے شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ علاوہ ازیں حکومتوں ، بزنس برادریوں اور اداروں سے روابط کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔