پرنب مکرجی کو آر ایس ایس کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ

سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کا سابق صدر جمہوریہ کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی جانب سے ملک دشمن فرقہ پرست آر ایس ایس کے اجلاس میں مہمان خصوصی شرکت کرنے سے اتفاق کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کے لیے مکتوب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے ۔ پرنب مکرجی صدر جمہوریہ بننے تک کانگریس پارٹی میں تمام عہدوں پر فائز رہے کانگریس حکومت میں رہے وقت اہم وزارتی قلمدانوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ سونیا گاندھی نے پرنب مکرجی کو پارٹی میں اونچا مقام دیا ۔ پارٹی قرار دادوں کی تیاری بھی ان کے ذمہ داری تھی ۔ راہول گاندھی نے پارٹی صدارت کی پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل ان سے ملاقات کرتے ہوئے آشیرواد حاصل کیا تھا ۔ اس کے باوجود پرنب مکرجی نے آر ایس ایس کے اجلاس میں شرکت کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس سے سارے کانگریسیوں پر سکتہ طاری ہوگیا ہے کیوں کہ گاندھی جی کے قاتل کی تنظیم آج سارے ملک میں نفرت پھیلا رہی ہے ۔ سیاسی مفاد پرستی کے لیے ہندوؤں اور مسلمانوں میں دوریاں بڑھا رہی ہیں ۔ ذات پات ، مذہب کے نام پر عوام میں تفریق کررہی ہے ۔ ایسے نازک حالت میں پرنب مکرجی کا فیصلہ تکلیف دہ ہے ۔ سابق مرکزی وزیر سی کے جعفر شریف نے پرنب مکرجی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیا ۔ جس کی وہ بھر پور تائید کرتے ہیں اور وہ بھی پرنب مکرجی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کریں گے ۔ اگر سابق صدر جمہوریہ ہند آر ایس ایس کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں تو ملک کے عوام میں غلط پیغام پہونچے گا ۔ اور اس سے خود پرنب مکرجی کی شبیہ خراب ہوگی ۔ زندگی بھر کانگریس سے فائدہ اٹھانے کے بعد کانگریس کے نظریات کے خلاف کام کرنا انہیں زیب نہیں دیتا ۔ لہذا پرنب مکرجی اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں ۔ آر ایس ایس ہندوتوا کے نام پر ملک کو ٹکڑے کرنے کی سازش کررہی ہے ۔۔