پرنب مکرجی نے الیکشن کمیشن کی ستائش کی

نئی دہلی 20 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ایسے وقت میں جبکہ الیکشن کمیشن پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جانبداری کا الزام عائد کیا جا رہا ہے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کمیشن کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات بہترین انداز میں منعقد کئے گئے ہیں۔ یہاں ایک کتاب کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے الیکشن کمشنر سوکمار سین سے موجودہ الیکشن کمشنران تک یہ ادارہ بہت اچھی طرح کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام تین کمشنران کا عاملہ کی جانب سے تقرر کیا جاتا ہے اور یہ تینوں ہی بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ ان پر تنقیدیں نہیں کی جاسکتیں ۔ ان لوگوں نے بہترین انداز میں انتخابات منعقد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت نے کامیابی حاصل کی ہے تو یہ صرف الیکشن کمشنران کی جانب سے بہتر انداز میں انتخابات منعقد کروائے جانے کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے یہ ریمارک ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ کئی اپوزیشن جماعتوں نے کمیشن کے رول کو جانبدار قرار دیا ہے اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کل الزام عائد کیا کہ کمیشن مودی کی کٹھ پتلی بن گیا ہے ۔