پرنب مکرجی اور راہول گاندھی سے چندرشیکھر راؤ کی ملاقات

تلنگانہ کے قیام پر اظہارتشکر ، نائب صدر کانگریس سے سیاسی اُمور پر تبادلہ خیال

حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج صدر جمہوریہ ڈاکٹر پرنب مکرجی اور کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے دوران کے سی آر نے اپیل کی کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں تلنگانہ بل کی منظوری کے پیش نظر نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ سے گزارش کی کہ وہ صدارتی حکمنامہ پر جلد دستخط کرتے ہوئے نئی ریاست کی تشکیل کو یقینی بنائیں۔ چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین کے 40 رکنی وفد کے ساتھ پرنب مکرجی سے ملاقات کی۔ وفد میں ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، جی ویویک ، مندا جگنادھم ، ارکان اسمبلی کے علاوہ سینئر قائدین موجود تھے ۔ ٹی آر ایس قائدین کی صدر جمہوریہ سے 15 منٹ تک ملاقات رہی جس میں انہوں نے ریاست کی تقسیم میں تعاون کیلئے صدر جمہوریہ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے صدر جمہوریہ سے خواہش کی کہ وہ تلنگانہ کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے دستوری فریضہ کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ بعد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ انہوں نے تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے صدر جمہوریہ کی سرپرستی کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد تلنگانہ عوام کی خواہش کی تکمیل ہونے جارہی ہے اور تلنگانہ کے عوام صدارتی حکمنامہ پر آپ کی دستخط کے منتظر ہیں۔

چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ صدر جمہوریہ نے علحدہ ریاست کے حصول کیلئے کی گئی جدوجہد کی ستائش کی اور ریاست کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ کے سی آر کے مطابق صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ تلنگانہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے دستوری سربراہ کی حیثیت سے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے چار کروڑ عوام صدر جمہوریہ کی دستخط کے منتظر ہیں اور توقع ہے کہ صدر جمہوریہ جلد ہی اعلامیہ پر دستخط کردیں گے ۔ انہوں نے تلنگانہ عوام کی جانب سے صدر جمہوریہ سے اظہار تشکر کیا۔ اخباری نمائندوں کی جانب سے ٹی آر ایس کے کانگریس میں انضمام سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ وہ کسی سیاسی موضوع پر گفتگو کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ علحدہ ریاست کی تشکیل کے سلسلہ میں وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تشکر کریں گے۔ اسی دوران چندر شیکھر راؤ کی پارٹی نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ اس ملاقات کے دوران پرینکا گاندھی، سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ بھی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے تلنگانہ بل کی منظوری کے سلسلہ میں راہول گاندھی کی مساعی پر اظہار تشکر کیا ۔