پرنب دا، آپ میرے والد اور سرپرست جیسے رہے

سبکدوش صدرجمہوریہ کے نام وزیراعظم مودی کا مکتوب
نئی دہلی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو اُن کی میعاد کے آخری دن جذباتی انداز میں ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہاکہ ’’پرنب دا، آپ میرے لئے ہمیشہ میرے والد اور سرپرست کی طرح رہے‘‘۔ مذکورہ مکتوب جو دو ایسے قائدین کے درمیان التفات کا اظہار کرتا ہے جو مختلف سیاسی مکتب فکر سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس مکتوب کو سابق صدرجمہوریہ نے اپنے ٹوئٹر پر ملاحظہ کیا۔ بعدازاں اُنھوں نے صدرجمہوریہ کی حیثیت سے میری میعاد کے آخری دن میں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک مکتوب وصول کیا جس نے میرے دل کو چھو لیا۔ مودی نے مکتوب میں کہا ہے کہ وہ (مودی) ایک دیگر ریاست (گجرات) سے تعلق رکھتے ہیں اور تین سال قبل نئی دہلی آئے تھے۔ اس کے بعد میرے ذمہ داریاں اور چیالنجس پیچیدہ اور مشکل ترین تھے اور ایسے مشکل وقت میں آپ (پرنب دا) میرے سرپرست تھے جنھیں میں اپنے والد کی جگہ تصور کیا کرتا تھا۔ وزیراعظم نے پرنب مکرجی کو ایک بہترین دانشور قرار دیا کیوں کہ قدم قدم پر اُنھوں نے اپنی فہم و فراست اور رہنمائی سے اُن کی (مودی) مدد کی۔ 24 جولائی کی تاریخ والے مکتوب میں مودی نے یہ بھی تحریر کیا ہے کہ جب جب پرنب دا اُن سے صحت کے بارے میں دریافت کرتے تھے اُن کی دن بھر کی تھکن دور ہوجاتی تھی اور اُنھیں نئی توانائی حاصل ہوتی تھی۔ 25 جولائی کو پرنب مکرجی کی بحیثیت صدرجمہوریہ میعاد اختتام پذیر ہوئی۔