نئی دہلی ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی فضائی آلودگی میں آج اچانک انتہائی اضافہ ہوگیا اور وہ ’’انتہائی ناقص‘‘ کے زمرہ میں شامل ہوگئی کیونکہ عوام نے سپریم کورٹ کے حکمنامہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 8 بجے شب سے پہلے اور 10 بجے شب کے بعد بھی پرشور پٹاخے استعمال کئے۔ بحیثیت مجموعی فضائی معیار کی فہرست میں 10 بجے شب 296 نکات درج کئے گئے جبکہ 7 بجے فضائی آلودگی 281 تھی۔ اس میں 8 بجے شب 291 اور 9 بجے شب 294 نکات کا اندراج کیا گیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے بموجب مرکز زیرانتظام نظام فضائی معیار کی پیش قیاسی و تحقیق کے اندراج کے مطابق بحیثیت مجموعی آلودگی 319 نکات رہی اور دہلی کی فضائی آلودگی میں اچانک اضافہ ہوگیا۔