پرشانت کشور کی جنتادل یو میں شمولیت

پارٹی کی ریاستی عاملہ کے اجلاس میںچیف منسٹر کے بازو نشست
پٹنہ 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انتخابی حکمت عملی کے ماہر سمجھے جانے والے پرشانت کشور نے آج جنتادل یونائیٹیڈ میں شمولیت اختیار کرلی ۔پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ پرشانت کشور کو چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پارٹی میںشامل کیا ۔ ذرائع کے بموجب چیف منسٹر کی قیامگاہ پر پارٹی کی ریاستی عاملہ کے اجلاس کے موقع پر پرشانت کشور کو شامل کیا گیا ۔نتیش کمار نے 41 سالہ پرشانت کشور کا پارٹی میں خیر مقدم کیا اور انہیں پارٹی کا کھنڈوا پیش کیا ۔ انہیں چیف منسٹر کے بازو نشست فراہم کی گئی ۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ پرشانت کشور کو پارٹی میں کیا ذمہ داری سونپی جائیگی کیونکہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات سے کچھ مہینے قبل ہی پارٹی میںشامل ہوئے ہیں۔ قبل ازیں پرشانت کشور نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ وہ اب بکسر سے نئی اننگز کی شروعات پر خوش ہیں۔ کشور بکسر ضلع سے تعلق رکھتے ہیںاور وہ 2014 میں وزیر اعظم نریندرمودی کی انتخابی مہم کے ذمہ دار تھے جس کے بعد انہیں کافی شہرت حاصل ہوگئی تھی ۔ اس کے بعد پرشانت کشور نے بہار اسمبلی انتخابات میں نتیش کمار کے ساتھ کام کیا تھا اور نتیش کمار مہا گٹھ بندھن کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے ۔ کشور نے پنجاب میں کانگریس کیلئے بھی کام کیا تھا جہاں پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ پرشانت کشور دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔