نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر پرشانت بھوشن کی پریس کانفرنس میں ایک شخص نے ہنگامہ آرائی کی۔ اس نے جموں وکشمیر میں فوج کی موجودگی کے بارے میں ان کے تبصروں پر احتجاج کیا۔ اس شخص کی شناخت وشنو گپتا کی حیثیت سے کی گئی ہے جو اس سرکردہ وکیل کے خلاف نعرہ لگاتے ہوئے جموں و کشمیر کے بارے میں ان کے حالیہ تبصروں پر انھیں ’’غدار‘‘ قرار دے رہا تھا ۔
گپتا نے دعویٰ کیا کہ وہ دائیں بازو کی انتہاپسند ہندو تنظیم سے تعلق رکھتا ہے ۔ پرشانت بھوشن نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ جموںو کشمیر میں ریاستی عوام کی مرضی و منشا کے مطابق فوج کی تعیناتی کی جائے ۔ ان کے تبصروں پر تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے تنقید کی تھی اور خود عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے بھی بھوشن کے تبصروں کو مسترد کردیا تھا۔ پرشانت بھوشن نے بعد میں کہا تھا کہ میڈیا نے ان کے تبصروں کو مسخ کرکے پیش کیا ہے ۔