نئی دہلی ۔ 3 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پردیومن قتل معاملے میں ریان اسکول کے مالک پنٹو خاندان کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے منظور عبوری ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ہلاک شدہ پردیومن کے والد ورون ٹھاکر نے پنٹو خاندان کو عبوری ضمانت دینے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف آج سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے ۔عدالت نے سماعت کے لئے کل کی تاریخ مقرر کی ہے ۔گروگرام کے ریان انٹر نیشنل اسکول کی دوسری جماعت کے طالب علم پردیومن کے قتل کے معاملے میں ہائی کورٹ نے ریان انٹرنیشنل کے مالک ریان پنٹو،والد آگسٹائن پنٹو اور ماں گریس پنٹو کو 7 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کی ہے ۔پردیومن کے والد ورون ٹھاکر کے وکیل سشیل ٹیکریوالا نے ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے ،جس پر کل سماعت ہوگی۔